اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ مودی حکومت چاہے کچھ دعوے کرلے، لیکن موجودہ طور پر بھارتی معیشت کا برا حال ہے۔ مجموعی دیسی پیداوار (جی ڈی پی) میں خود سرکاری ڈیٹا کے مطابق غیرمعمولی 2 فیصدی گراوٹ آچکی ہے، جس کے تعلق سے انتباہ سابق وزیراعظم و ماہر معاشیات ڈاکٹر منموہن سنگھ نے نومبر 2016 میں نہایت متنازعہ ’نوٹ بندی‘ کے بعد دے دیا تھا۔ بہرحال اب عوام میں معاشی اعتبار سے غیریقینی کیفیت پیدا ہوگئی ہے اور انھیں اندیشے لاحق ہیں کہ مرکزی حکومت جانے کیا اقدامات کربیٹھے۔ چنانچہ عوام بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری حتیٰ کہ بڑی خریداریوں سے تک گریزاں ہیں۔

شاید اسی پس منظر میں ملک کے سب سے بڑے قرض دہندہ ادارہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے تازہ اقدام میں ( 2 کروڑ روپئے سے کم والے) فکسڈ ڈپازٹ (ایف ڈی) پر سود کی شرحوں میں کٹوتی کردی ہے۔ یہ تبدیلی عوام الناس کے لیے 10 ستمبر 2019 سے نافذ العمل ہورہی ہے۔ اگست میں ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی مانیٹری پالیسی پر نظرثانی کے بعد ایس بی آئی کی جانب سے شرح سود میں یہ دوسری کٹوتی ہے۔ ایس بی آئی نے تمام میچورٹیز کے فکسڈ ڈپازٹس (ایف ڈیز) پر سود کی شرحوں پر نظرثانی کرتے ہوئے ’ریٹیل ٹرم ڈپازٹ ریٹس‘ کو تمام میعادوں کے لیے 20-25 اساسی پوائنٹس (بی پی ایس) تک گھٹایا ہے اور ’بلک ٹرم ڈپازٹ ریٹس‘ میں 10-20 بی پی ایس تک کمی لائی ہے۔ ایس بی آئی چیئرمین رجنیش کمار نے کہا کہ آگے چل کر بینک کی جانب سے شرحوں میں مزید ”نرمی“ لائی جائے گی، اور قرض کی طلب تک معیشت کو سہارا دینے کے اپنے عہد کا اعادہ کیا۔ 


تازہ نظرثانی کے بعد ایس بی آئی اب 7 یوم تا 10 سال میں پورے ہونے والے ایف ڈیز پر 4.5 تا 6.70 فیصد سود دے گا۔ ایس بی آئی 7 تا 45 یوم اور 46 تا 179 یوم والے ایف ڈیز کے لیے ترتیب وار 4.50 اور 5.50 سود کی پیشکش کررہا ہے۔ 180 یوم سے اندرون 1 سال کی میچورٹی والے ڈپازٹس پر ایس بی آئی 5.80 فیصد سود دے گا۔ 1 تا اندرون 2 سال والے ایف ڈیز کے لیے 6.50 فیصد سود رہے گا۔ ایس بی آئی نے 2 سال میں اور اندرون 3 سال پورے ہونے والے میعاد ڈپازٹس پر شرح سود کو 25 بیسیس پوائنٹس گھٹایا ہے۔ بینک اب اس میعاد والے ایف ڈیز کے لیے 6.25 فیصد سود دے گا۔ 


تاہم، ایس بی آئی نے طویل میعادی ایف ڈیز پر شرح کو غیرمتبدلہ رکھا ہے۔ 3 سال سے اندرون 5 سال میں میچورٹی والے ڈپازٹس پر 6.25 فیصد شرح سود ملے گی اور پانچ تا دس سال میں پورے ہونے والے ایف ڈیز پر بدستور 6.25 فیصد سود جاری رہے گا۔ سینئر سٹیزنس کو بھی پہلے کی طرح ایف ڈی والے سود کی شرحوں پر اضافی 50 اساسی پوائنٹس حاصل ہوا کریں گے۔ 


మరింత సమాచారం తెలుసుకోండి: